۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
نائیجیریا میں مدرسے سے 100 سے زائد طلبہ اغوا

حوزہ/ اسکول کے عملے کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور 100 سے زائد بچوں کو اغوا کرکے لے گئے تھے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نائیجریا میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اسلامی بورڈنگ اسکول پر دھاوا بول دیا اور 100 سے زائد بچوں کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجریا میں ایک بورڈنگ اسکول میں داخل ہوکر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا جب کہ حملہ آور سو سے زائد بچوں کو اغوا کرکے لے گئے۔ تاحال اغوا ہونے والے بچوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔

اس حوالے سے نائیجریا کے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسکول میں حملے کے وقت 200 بچے رہائش پذیر تھے۔ اغوا ہونے والے بچوں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔

اسکول کے عملے کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور 100 سے زائد بچوں کو اغوا کرکے لے گئے تھے تاہم بعد میں 4 سے 12 سال کے کمزور بچوں کو رہا کردیا گیا تھا۔

اسی طرح ایک عینی شاہد نے رائٹرز کو بتایا کہ 20 سے 25 موٹر سائیکل سوار حملہ آور جدید اسلحے سے لیس تھے جو 150 بچوں کو اغوا کرکے لے گئے جب کہ اسکول میں 300 سے زائد بچے موجود تھے۔

واضح رہے کہ نائیجریا میں مسلح گروہ کی جانب سے تاوان کے لیے اسکول کے بچوں کا اغوا معمول کی بات بن چکی ہے، دسمبر سے تاحال 700 بچوں کو اغوا کیا جا چکا ہے۔ چند روز قبل ہی ایک اسکول سے اغوا ہونے والے 14 بچوں کو 40 دن بعد رہائی ملی ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .